خطے میں کشیدگی۔ پاکستان سے مشرق وسطیٰ کی 184 پروازیں منسوخ
دس ممالک کی فضائی حدود بند ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے
دس ممالک کی فضائی حدود بند ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہےمشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث متعدد ممالک کی فضائی حدود بند ہونے سے پاکستان کے مختلف شہروں سے مشرق وسطیٰ جانے والی 184 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس سے ہزاروں مسافر شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق ایران، عراق، اسرائیل، کویت، بحرین، قطر اور شام کی فضائی حدود مکمل طور پر بند ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات، لبنان اور اردن نے بھی گزشتہ روز سے اپنی فضائی حدود پروازوں کے لیے بند کر رکھی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پروازوں کی منسوخی سے کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور کوئٹہ کے ائیرپورٹس متاثر ہوئے ہیں۔ کراچی سے دبئی، شارجہ، دوحہ، نجف، استنبول، ابوظہبی، مسقط، بحرین اور تہران کی 42 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ لاہور سے ابوظہبی، دمام، تہران، دبئی، دوحہ، مسقط، راس الخیمہ، شارجہ اور بحرین کی 40 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اسی طرح اسلام آباد سے دبئی، دوحہ، دمام، مسقط، کویت، ابوظہبی، ریاض، بحرین اور شارجہ کی 36 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ پشاور سے دوحہ، دبئی، ابوظہبی، شارجہ اور جدہ کی تمام 18 غیر ملکی پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ ملتان سے دوحہ، مسقط، ابوظہبی، شارجہ، دبئی اور جدہ کی 22 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
مزید برآں فیصل آباد سے دبئی، شارجہ اور ابوظہبی کی 12 جبکہ سیالکوٹ سے ابوظہبی، جدہ، دبئی، شارجہ، دمام اور مسقط کی 12 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ کوئٹہ سے دبئی کی دونوں غیر ملکی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق پاکستانی فضائی حدود تمام پروازوں کے لیے مکمل طور پر کھلی اور محفوظ ہے جبکہ دبئی اور ابوظہبی سمیت متحدہ عرب امارات کے ائیرپورٹس تاحال بند ہیں۔