بریکنگ کراچی میں مشتعل افراد امریکی قونصلیٹ میں داخل۔اسپتال انتظامیہ کی8ہلاکتوں کی تصدیق
کراچی میں مشتعل افراد امریکی قونصلیٹ میں داخل ہو گئے جہاں انھوں نے توڑ پھوڑ کی
کراچی میں امریکی قونصل خانے کے بیرونی حصے میں مظاہرین جمع ہیں
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد کراچی اور لاہور میں مظاہرین نے امریکی قونصلیٹوں کے باہر احتجاج کیا، اس دوران کراچی میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں اور شیلنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق اس دوران فائرنگ سے کم از کم 8 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
احتجاج کے دوران کراچی میں مشتعل افراد امریکی قونصلیٹ میں داخل ہو گئے جہاں انھوں نے توڑ پھوڑ کی ہے۔سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بعض افراد گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئے جس کے بعد استقبالیہ اور سکیورٹی کمرے کے شیشے توڑے گئے۔
مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان کے مطابق یہ عوامی احتجاج تھا جس میں عام لوگوں نے مذہبی شخصیت کی ہلاکت پر ردعمل میں امریکی قونصلیٹ پر پہنچ احتجاج کیا ہے ۔ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اندر سے بھی فائرنگ کی گئی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے تصدیق کی ہے کہ 6 افراد ہلاک اور 8زخمی ہیں۔ٹراما سینٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے جبکہ قونصلیٹ کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار نے امریکن قونصلیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلات طلب کی ہیں۔
ایک اعلامیے میں صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب لاہور میں پریس کلب کے قریب مظاہرین کی بڑی تعداد جمع ہو رہی ہے اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی اور دیگر لیڈر شپ کی شہادت پر غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کیا جائے گا۔