اسرائیل کے 3 فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے: حزب اللّٰہ
اسرائیل نے لبنان کے مختلف شہروں اور قصبوں پر حملے کیے، جس کے بعد یہ جوابی کارروائی کی گئی۔
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں شمالی اسرائیل میں تین فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ تنظیم کی جانب سے بیروت سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی مبینہ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللّٰہ نے رامات ڈیوڈ ایئر بیس اور میرون بیس کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں میں ایک فوجی مقام پر راکٹ فائر کرنے کی بھی بات کی گئی ہے۔
بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ اسرائیل نے لبنان کے مختلف شہروں اور قصبوں پر حملے کیے، جس کے بعد یہ جوابی کارروائی کی گئی۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔ خطے میں کشیدگی کے باعث صورتحال بدستور حساس بتائی جا رہی ہے۔