متحدہ عرب امارات کا 172 اور بحرین کا 73 ایرانی میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
فضائی حدود بند ہونے سے 8 ہزار افراد قطر میں پھنسے ہوئے ہیں، قطر
ایران کے علاقوں بوشہر اور اصفہان میں اسرائیلی حملوں کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے۔۔۔
ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ سنیچر کو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے ردِعمل میں خطے میں ایرانی حملوں کے دوران اس کے فضائی دفاعی نظام نے 172 میزائلوں کو تباہ کیا ہے۔
وزارتِ دفاع کے ایک ترجمان کے مطابق یہ مجوعی طور پر 186 میزائل تھے، جن میں سے 13 سمندر میں گرے اور ایک متحدہ عرب امارات کی علاقائی حدود میں گرا۔
ترجمان کے مطابق اس کی فورسز نے 812 ایرانی ڈرونز دیکھے، جن میں 755 کو تباہ کیا گیا اور 57 ملک میں گِرے۔
متحدہ عرب امارات نے آٹھ کروز میزائل تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے لیکن ترجمان کے مطابق ’اس سے کچھ نقصان ہوا، تین اموات ہوئیں اور کچھ لوگوں کو معمولی زخم آئے۔‘
بحرینی فوج کا 73 ایرانی میزائل اور 91 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ
بحرین کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے سنیچر سے اب تک 73 ایرانی میزائلوں اور 91 ڈرونز کو تباہ کیا ہے۔
خیال رہے بحرین پر متعدد حملے ہو چکے ہیں، جس سے ملک میں قائم ایک امریکی بحری اڈے کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
ایران نےمیزائل حملوں سے پہلے مطلع نہیں کیا تھا، ترجمان قطری وزارت خارجہ
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ ایران نے قطر میں میزائل حملوں سے پہلے مطلع نہیں کیا تھا۔
دوحہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان قطری وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران نے صرف فوجی تنصیبات نہیں بلکہ پورے قطر میں حملے کیے، قطر کے حماد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو بھی نشانہ بنانے کی کوششی کی گئی جو ناکام بنا دی گئی۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی جہاز نے دوحہ کی طرف بڑھنے کی کوشش کی جس پر نشانہ بنایا، عملےکی تلاش جاری ہے۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ کے مطابق یہ دعویٰ غلط ہے کہ خلیجی ممالک پر دباؤ ڈالنے سے مذاکرات میں واپسی ہوجائے گی۔
انھوں نے کہا کہ فضائی حدود بند ہونے سے 8 ہزار افراد قطر میں پھنسے ہوئے ہیں، حالات بہتر ہونے تک ان افراد کی میزبانی کریں گے، کروز شپ میں بھی بہت سے افراد پھنسے ہوئے ہیں لیکن محفوظ ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ایران کے ساتھ فی الحال ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہے، ہمارے پاس موساد سیل موجود ہونےکی کوئی اطلاع نہیں ہے، قطر کی حدود میں داخل ہونے والے ایرانی جہاز کو تنبیہہ کی گئی تھی اس کے بعد گرایا گیا۔