مشرق وسطیٰ جانے والی آج 116 پروازیں منسوخ کر دی گئیں
پروازیں متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور قطر سمیت دیگر ممالک کے لیے تھیں
ملک کے مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی مجموعی طور پر 116 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر متاثر ہوئے جب کہ منسوخ ہونے والی پروازیں متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور قطر سمیت دیگر ممالک کے لیے تھیں۔
منگل کے روز ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورت حال کے باعث خطے کے متعدد ممالک کی فضائی حدود بند کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کے مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس سے سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مشرقِ وسطیٰ جانے والی 116 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 32، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 28 اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 20 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔