خلیج میں بحری تجارت تحفظ کیلئے امریکی نیوی تعینات کرنے کا اعلان

ضرورت پڑنے پر آبنائے ہرمز میں کمرشل جہازوں کے ساتھ نیوی بھیجے جائیں گے۔ ٹرمپ

               
March 4, 2026 · بام دنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیج میں بحری تجارت کو مالی اور سیکورٹی تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے ساتھ امریکی بحریہ بھی تعینات کی جائے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ امریکی مالیاتی ادارے کمرشل جہازوں، بالخصوص آئل ٹینکرز کو انشورنس اور مالی ضمانتیں فراہم کریں گے تاکہ خطے میں تجارت متاثر نہ ہو۔

جرمن چانسلر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران میں فوجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور ایران کی فضائیہ، بحریہ اور قیادت کو بڑی حد تک ختم کر دیا گیا ہے۔ ان کے بقول ایران کے اندر کئی افراد استثنیٰ کیلئے درخواستیں دے رہے ہیں اور وہ کسی بھی وقت ہتھیار ڈال سکتے ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کو مزید بڑے نقصانات کیلئے تیار رہنا چاہیے کیونکہ حملوں کی ایک نئی لہر شروع ہونے والی ہے۔ انہوں نے ڈیموکریٹس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ناکام لوگ ہیں، جبکہ برطانیہ سے بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اسپین کے ساتھ تمام تجارتی روابط ختم کیے جا رہے ہیں اور جنگ کے خاتمے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔