تین امریکی طیارے کویت کے پائلٹ نے مار گرائے، نئی کہانی سامنے آگئی

کویتی ایف 18 ہارنیٹ کے پائلٹ نے طیاروں کو دشمن کیوں سمجھا، ماہرین کا سوال

               

کویت میں امریکہ کے تین ایف 15 طیاروں کی تباہی پر نئی اور حیرت انگیز کہانی سامنے آئی ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی جانب سے یہ کہے جانے کے بعد کہ تین امریکی ایف-15 طیارے کویتی فضائی دفاع کی فائرنگ سے تباہ ہوئے، اب وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک کویتی ایف-18 پائلٹ کی جانب سے غلطی سے داغے گئے میزائل اس سانحے کا سبب بنے۔

لیکن ماہرین نے اس کہانی پر سوالات اٹھائے ہیں۔

سینٹ کام نے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ طیارے “دشمن کی فائرنگ” سے نہیں بلکہ کویتی دفاعی کارروائی کے نتیجے میں گرائے گئے۔ تاہم امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کم از کم ایک کویتی ایف-18 ہارنیٹ نے غلطی سے تین میزائل فائر کیے، جو تینوں امریکی ایف-15 ای اسٹرائیک ایگل طیاروں کو لگے۔

ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعہ پیر کی صبح اس وقت پیش آیا جب ایرانی ڈرونز کویتی فضائی حدود میں داخل ہو رہے تھے اور فضائی دفاعی نظام ہائی الرٹ پر تھا۔ تینوں امریکی طیارے کویت میں گر گئے جبکہ عملہ بحفاظت پیراشوٹ کے ذریعے نکلنے میں کامیاب رہا۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب خطے میں کشیدگی عروج پر تھی اور ایرانی ڈرون و میزائل حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔ ایک ایرانی ڈرون کے کویت میں ایک اڈے سے ٹکرانے کی بھی خبر دی گئی، جس کے نتیجے میں چھ امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی طیارے مار گرائے، تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ “بلو آن بلو” یعنی دوستانہ فائرنگ کا واقعہ تھا۔

ماہرین کے سوالات

فضائی دفاع کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اتحادی افواج کے درمیان اس نوعیت کے واقعات سے بچنے کے لیے شناختی نظام، خاص طور پر “آئیڈنٹیفکیشن فرینڈ اور فو” (IFF) کوڈ استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک سابق امریکی فائٹر پائلٹ نے دفاعی جریدے ایئر اینڈ اسپیس فورسز کو بتایا کہ کسی ایف-15 ای طیارے کو ایرانی جہاز سمجھنا آسان نہیں، خصوصاً اگر وہ جارحانہ انداز میں پرواز نہ کر رہا ہو۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ واقعے کے وقت امریکی طیاروں کے شناختی نظام فعال تھے یا نہیں۔ پینٹاگون حکام نے مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے جبکہ کویتی وزارت دفاع نے صرف اتنا کہا ہے کہ اس نے متعدد “دشمن فضائی اہداف” کا مقابلہ کیا۔