ایران میں جو نیا لیڈر بنے گاموت اس کا مقدر ہو گی،ٹرمپ

اگر امریکا کارروائی نہ کرتا تو ایران جلد ایٹمی طاقت بن سکتا تھا۔

               
March 5, 2026 · بام دنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں جو بھی نیا رہنما اقتدار سنبھالنے کی کوشش کرے گا، اسے سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا کارروائی نہ کرتا تو ایران جلد ایٹمی طاقت بن سکتا تھا۔

ایک راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں ایران کے ساتھ کیا گیا جوہری معاہدہ انتہائی کمزور تھا اور اس میں ایران کو بہت زیادہ رعایتیں دی گئی تھیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی اقدامات کا مقصد خطے میں استحکام برقرار رکھنا اور ممکنہ خطرات کو روکنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائیوں کے باعث ایران کی عسکری صلاحیتوں کو محدود کیا جا رہا ہے اور خاص طور پر اس کی میزائل طاقت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس دنیا کی طاقتور ترین فوج موجود ہے اور اس کی افواج ہر محاذ پر مؤثر کارکردگی دکھا رہی ہیں۔ ان کے مطابق ایران کی جانب سے خطے کے دیگر ممالک کے لیے خطرات پیدا ہو رہے تھے، جس کے باعث صورتحال قابو سے باہر ہونے کا خدشہ تھا۔

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وینزویلا سے تیل کی سپلائی دوبارہ بحال ہو چکی ہے، جس سے عالمی توانائی منڈی میں استحکام آنے کی توقع ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ عالمی امن کے لیے ضروری ہے کہ ایٹمی ہتھیار کسی غیر ذمہ دار ریاست یا فرد کے ہاتھ میں نہ جائیں۔