اگر حالات اسی طرح رہےتو یورپ کو گیس سپلائی روک سکتے ہیں:روس

یورپی یونین روسی گیس اور ایل این جی پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے

               

ولادیمیر پیوٹن نے خبردار کیا ہے کہ اگر حالات اسی طرح رہے تو روس یورپی ممالک کو گیس کی فراہمی روکنے پر غور کرسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر کا کہنا ہے کہ یورپی یونین روسی گیس اور ایل این جی پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جس کے جواب میں ماسکو اپنی توانائی پالیسی پر نظرثانی کر سکتا ہے۔

ولادیمیر پیوٹن کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور خصوصاً ایران سے متعلق جنگی صورتحال کے باعث عالمی توانائی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے توانائی کی سپلائی اور طلب پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر روسی تیل اور گیس پر مزید پابندیاں لگائی گئیں تو روس کے لیے متبادل منڈیوں کی طرف جانا زیادہ سودمند ثابت ہوسکتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپ کی جانب سے روسی توانائی پر انحصار کم کرنے کے بعد ماسکو اب اپنی توانائی برآمدات کو بڑھانے کے لیے چین سمیت دیگر ایشیائی منڈیوں کی طرف توجہ دے رہا ہے۔