ایران کے خلاف جنگ نیتن یاہو کی جنگ ہے:ترکی الفیصل
یہ بات پہلے سے واضح تھی کہ ایران ممکنہ طور پر خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا سکتا ہے
سابق سعودی انٹیلیجنس چیف ترکی الفیصل نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ دراصل بنیامین نیتن یاہو کی جنگ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ترکی الفیصل کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے بعد سعودی عرب اور اسرائیل کے تعلقات معمول پر آنے کی باتیں فی الحال حقیقت سے دور دکھائی دیتی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بنیامین نیتن یاہو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اس بات پر قائل کیا کہ وہ ایران کے خلاف سخت مؤقف اختیار کریں اور ان کی پالیسیوں کی حمایت کریں۔
ترکی الفیصل کے مطابق ایران کی جوابی کارروائیوں پر امریکی صدر کی حیرت قابلِ تعجب ہے کیونکہ بہت سے سابق عہدیدار پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ ایران کے خلاف حملے کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات پہلے سے واضح تھی کہ ایران ممکنہ طور پر خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا سکتا ہے اور اس صورتحال کے منفی اثرات سے امریکا بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں رہ سکے گا۔