بھارت اور انگلینڈ آج دوسرے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے
ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہونے والے اس اہم میچ میں دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی کے لیے پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔
ممبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل آج بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جس میں سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہونے والے اس اہم میچ میں دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی کے لیے پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ انگلینڈ کی جانب سے آل راؤنڈر ول جیکس ٹیم کی امیدوں کا مرکز ہوں گے، جبکہ بھارت کے سنجو سیمسن بھی ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
بھارتی ٹیم کو ایونٹ میں اب تک صرف ایک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جو اسے جنوبی افریقا کے خلاف ہوئی تھی۔ دوسری جانب انگلینڈ نے ابتدا میں سخت مقابلوں کا سامنا کیا، تاہم وقت کے ساتھ ٹیم کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی۔
سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ اور پاکستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ انگلینڈ کا مضبوط اسپن اٹیک بھارتی بیٹنگ لائن کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں مسلسل تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ 2022 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کامیاب رہا تھا جبکہ 2024 میں بھارتی ٹیم نے فتح حاصل کی تھی۔
اگر ورلڈکپ مقابلوں کی مجموعی تاریخ دیکھی جائے تو دونوں ٹیمیں اب تک پانچ مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں بھارت نے تین جبکہ انگلینڈ نے دو میچ جیتے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 29 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں بھارت کو 17 جبکہ انگلینڈ کو 12 فتوحات حاصل ہیں۔