کینیڈا: بھارتی نژاد معروف یوٹیوبر نینسی گریوال گھر میں قتل، ملزمان فرار

بیٹی کو کافی عرصے سے سنگین دھمکیاں مل رہی تھیں، جس کی اطلاع پولیس کو بھی دی گئی تھی، والدہ

               
فائل فوٹو

بیٹی کو کافی عرصے سے سنگین دھمکیاں مل رہی تھیں، جس کی اطلاع پولیس کو بھی دی گئی تھی۔

لاسائو: کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں بھارتی نژاد یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر نینسی گریوال کو ان کی رہائش گاہ پر چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ کینیڈین پولیس کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

لاساؤ پولیس سروس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ منگل کی رات تقریباً 9:30 بجے پیش آیا جب پولیس کو ٹوڈ لین (Todd Lane) کے علاقے میں ایک خاتون پر حملے کی اطلاع ملی۔ پولیس اور پیرا میڈیکس جب موقع پر پہنچے تو 45 سالہ نینسی گریوال شدید زخمی حالت میں پائی گئیں۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گئیں۔

پولیس نے اس واقعے کو باقاعدہ ‘ہومیسائیڈ’ (قتل) قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اگرچہ پولیس اسے ایک انفرادی واقعہ قرار دے رہی ہے، لیکن نینسی گریوال کے سوشل میڈیا پروفائل اور ان کے بیباک بیانات کی وجہ سے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔

 نینسی گریوال پنجاب کے سیاسی، سماجی اور مذہبی معاملات پر اپنی سخت رائے کے لیے جانی جاتی تھیں

 نینسی کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی بیٹی کو کافی عرصے سے سنگین دھمکیاں مل رہی تھیں، جس کی اطلاع پولیس کو بھی دی گئی تھی۔

مقتولہ کے خاندان نے اسے ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے تین افراد پر شبہ ظاہر کیا ہے۔

تحقیقاتی ٹیم نے علاقے کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں کے باہر لگے سی سی ٹی وی (CCTV) کیمروں اور ڈیش کیم کی فوٹیج پولیس کو فراہم کریں تاکہ مشتبہ افراد کی شناخت کی جا سکے۔ پولیس نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ وہ جلد ہی قاتلوں تک پہنچ جائیں گے۔

نینسی گریوال کی موت کی خبر عام ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ وہ اپنی ویڈیوز کے ذریعے کینیڈا اور ہندوستان میں بسنے والے پنجابیوں کے مسائل اور کرنٹ افئیرز پر کھل کر بات کرتی تھیں۔