چین میں پالتو بطخ کے پیٹ سے 1300برطانوی پائونڈزمالیتی سونا برآمد

پکانے کے لیے صاف کرنے کے دوران معدے میں ہضم شدہ غذا کے ساتھ سنہری رنگ کے ذرات ملے

               
March 7, 2026 · چشم حیرت

 

چین میں ایک دیہاتی اس وقت دنگ رہ گیا جب اسے رات کے کھانے کے لیے بطخ تیار کرتے وقت اس کے پیٹ سے تقریباً 1300برطانوی پاؤنڈز مالیت کے سونے کے ذرات ملے۔

 

وسطی چین کے صوبہ ہونان کے کاؤنٹی لونگ ہوئی سے تعلق رکھنے والے لیو نامی شخص نے اپنی پالی ہوئی بطخ کو ذبح کرنے کے بعد اس کے پیٹ سے سونے کے ذرات برآمد کیے۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق، جب لیو بطخ کو پکانے کے لیے صاف کر رہا تھا، تو اسے معدے میں ہضم شدہ غذا کے ساتھ سنہری رنگ کے ذرات ملے۔ شروع میں اس نے سوچا کہ یہ شاید چھوٹے پتھر یا دھاتی کچرا ہے، لیکن پھر اس نے ان کی مخصوص چمک دیکھی۔

 

مقامی رپورٹس کے مطابق ان ذرات کا کل وزن تقریباً 10 گرام تھا، جس کی قیمت تقریباًً 12 ہزاریوآن بنتی ہے۔ لیو نے سونے کی تصدیق کے لیے اسے آگ پر گرم کرنے کا روایتی ٹیسٹ بھی کیا؛ جب ذرات کا رنگ تبدیل نہیں ہوا تو اسے یقین ہو گیا کہ یہ سونا ہی ہے۔

 

مقامی حکام نے تاحال اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی اور کہا ہے کہ ماہرین کے ذریعے تصدیق ہونا باقی ہے۔ تاہم،حکام کا کہنا ہے کہ اس خطے کی جغرافیائی تاریخ کے پیش نظر یہ ممکن ہے۔ علاقے کے دریا تاریخی طور پر سونے کے قدرتی ذرات کے لیے مشہور رہے ہیں۔

 

صوبہ ہونان معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور وہاں سونے کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔ بطخیں اکثر کیچڑ اور اتھلے پانی میں خوراک تلاش کرتے ہوئے چھوٹے پتھر اور ریت نگل لیتی ہیں۔ یہ بطخ ایک ایسے علاقے میں پالی گئی تھی جو ایسی ہی آبی گزرگاہوں کے قریب تھاچونکہ یہ بطخ ندی کنارے آزاد گھومتی تھی، اس لیے غالب امکان ہے کہ خوراک کی تلاش کے دوران اس نے نادانستہ طور پر یہ سونے کے ذرات نگل لیے تھے۔

 

صوبہ ہونان اپنے وسیع معدنی وسائل کی وجہ سے مشہور ہے۔ 2024 میں، ماہرینِ ارضیات نے اس کی پنگ جیانگ کاؤنٹی میں وانگو کے ےگولڈ فیلڈ کے نیچے سونے کے ایک بہت بڑے ذخیرے کی نشاندہی کی تھی، جس میں تقریباً 300 ٹن کے تصدیق شدہ وسائل موجود ہیں، اور یہ1ہزار ٹن سے زیادہ سونا فراہم کر سکتا ہے۔ سونا دریا کے تلچھٹ میں پلیسر ڈپازٹس صورت میں بھی پایا جا سکتا ہے، جہاںچھوٹے ذرات چٹانوں سے کٹ کر پانی کے بہاؤ کے ساتھ نیچے آ جاتے ہیں، جس کی وجہ سے کبھی کبھار دریا کے کناروں کی مٹی میں اس دھات کے آثار ملتے ہیں۔

 

بطخیں جو کیچڑ اور اتھلے پانی میں خوراک تلاش کرتی ہیں، وہ اپنی خوراک کے حصے کے طور پر چھوٹے پتھر اور مٹی نگل سکتی ہیں، جس سے یہ ممکن ہو جاتا ہے کہ معدنیات کے ذرات ان کے نظامِ ہضم کے اندر جمع ہو جائیں۔