پشاور میں عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کے ٹکٹ عوام کے لیے فری ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اسٹیڈیم پہنچ کر تماشائیوں سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں کو پشاور میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے عوام کرکٹ سے بے حد محبت کرتے ہیں اور یہاں کرکٹ کا جنون دیکھنے کو ملتا ہے۔
سہیل آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے پشاور کو کرکٹ کی میزبانی دے کر یہاں کے شائقین کو بڑی خوشی دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ مہمان نواز ہیں اور تمام کھلاڑی یہاں کھیلنے کا مزہ لیں گے۔
افتتاح کے موقع پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا، جس کی تیز آوازوں کے باعث شہر کے بعض علاقوں میں عارضی طور پر خوف و ہراس بھی دیکھا گیا۔
وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ جلد پشاور میں پاکستان سپر لیگ (PSL) کا بھی میچ منعقد کیا جائے گا، جس سے شہر کے کرکٹ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔