ایران میں نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کیلئے مجلس خبرگان ایک نام پر متفق
نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے معاملے پر زیادہ تر ارکان اتفاقِ رائے تک پہنچ چکے ہیں
ایران میں نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے مجلس خبرگان کے ارکان ایک نام پر بڑی حد تک متفق ہو گئے ہیں۔
مجلس خبرگان کے رکن محمد میر باقر نے کہا ہے کہ نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے معاملے پر زیادہ تر ارکان اتفاقِ رائے تک پہنچ چکے ہیں، تاہم طریقۂ کار سے متعلق چند رکاوٹیں ابھی باقی ہیں جنہیں حل کرنا ضروری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مجلس کے اکثریتی ارکان مجتبیٰ خامنہ ای کے نام پر متفق دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ اتفاقِ رائے عوامی خواہشات اور سابق سپریم لیڈر کی پالیسیوں کے تسلسل کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بعض ارکان کی مختلف آراء بھی موجود ہیں، تاہم یہ اختلاف رائے سیاسی نہیں بلکہ مشاورتی نوعیت کا ہے۔ نئے سپریم لیڈر کے باضابطہ اعلان میں تاخیر کو سکیورٹی خدشات سے جوڑا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مجلس خبرگان کے ارکان جلد اجلاس کر کے حتمی فیصلہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم موجودہ حالات کے باعث اس بات پر غور جاری ہے کہ باضابطہ بالمشافہ اجلاس کے بعد اعلان کیا جائے یا موجودہ صورتحال میں کسی متبادل طریقۂ کار کے تحت فیصلہ سامنے لایا جائے۔