سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے اہم ہدایات جاری
موجودہ حالات میں مکمل طور پر پرسکون رہیں اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔
پاکستانی سفارتخانے نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے پاکستانی کمیونٹی کے نام اہم پیغام میں کہا کہ خلیجی ممالک کی موجودہ صورتحال پر کڑی نظر ہے۔ تمام پاکستانی موجودہ حالات میں مکمل طور پر پرسکون رہیں اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔
سفیر احمد فاروق نے کہا کہ پاکستانی شہری مقامی قوانین کا احترام کیا جائے، کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین کرنے یا انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلانے سے گریز کریں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ معلومات کیلئے صرف سعودی حکومت کے مستند ذرائع پر انحصار کیا جائے۔
پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ پروازوں کی منسوخی یا تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کے پیش نظر سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر سفارتخانے کی ٹیمیں تعینات ہیں ۔ سفارتخانے کے ہنگامی فون نمبرز، سفارتی عملہ اور ٹیمیں 24 گھنٹے پاکستانی شہریوں کی مدد کیلئے کام کر رہی ہیں۔ مدد یا رہنمائی کیلئے پاکستانی سفارتخانے کے نمبرز پر رابطہ کریں۔