لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں سے کئی شہر لرز اٹھے، درجنوں جاں بحق
بیروت کے جنوبی نواحی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد گھنے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
فائل فوٹو
بیروت: لبنان کے مختلف علاقوں پر حالیہ گھنٹوں میں شدید فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
بیروت کے جنوبی نواحی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد گھنے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
حزب اللہ سے جھڑپوں میں شدت آ گئی، اسرائیلی فوجی ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا جبکہ بحرین میں ڈرون حملے سے 32 افراد زخمی ہو گئے۔
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر کو تباہ کر دیا، اسرائیل نے دارالحکومت بیروت کے نواحی علاقے الغبیری پر حملے کیے جس میں کئی شہری شہید اور زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخائے ادرعی نے شہریوں کو انخلا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فوج ’القرَض الحسن ایسوسی ایشن کی دہشت گردی سے متعلقہ تنصیبات کے خلاف بھرپور کارروائی کر رہی ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ حزب اللہ کی عسکری سرگرمیوں کو مالی معاونت فراہم کرتا ہے، تاہم تنظیم اس الزام کی تردید کرتی ہے اور کہتی ہے کہ وہ صرف عام لبنانی شہریوں کو چھوٹے، سود سے پاک قرضے فراہم کرتی ہے۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے ترجمان کے مطابق ایک میزائل نے مرکزی اسرائیل میں ایک تعمیراتی مقام کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایک اور مقام پر ایک شخص، جس کی عمر تقریباً 30 برس ہے کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
لبنان کے وزیرِ صحت راکان نصرالدین کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران اسرائیلی حملوں میں 394 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔