ایران پر حکومت پارلیمان کو اعتماد میں لے ، ثنا اللہ مستی خیل کا مطالبہ
پاکستان کو ایک ایٹمی قوت اور عالم اسلام کا اہم ملک ہونے کے ناطے زیادہ فعال اور موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔امت ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو
فوٹو امت
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما ثنا اللہ مستی خیل نے کہا ہے کہ حکومت مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے میں ناکام رہی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں امت ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو ایک ایٹمی قوت اور عالم اسلام کا اہم ملک ہونے کے ناطے زیادہ فعال اور موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل نے کہا ہے کہ پاکستان کا جغرافیائی مقام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور دنیا ہماری بات سنتی ہے، اس لیے حکومت کو فوری طور پر او آئی سی (OIC) کا اجلاس بلا کر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ 2002 سے پارلیمنٹ کا حصہ ہونے کے باوجود انہیں یا دیگر منتخب نمائندوں کو اس حساس معاملے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
جب ان سے پی ٹی آئی کے بریفنگ میں شریک نہ ہونے سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے واضح کیا کہ چند مخصوص افراد کو بند کمروں میں بلانا کافی نہیں ہے۔ ان کا موقف تھا کہ پوری پارلیمان کو آگاہ کیا جانا چاہیے۔
ثنا اللہ مستی خیل نے مطالبہ کیا کہ اگر حکومت سمجھتی ہے کہ معاملات حساس ہیں، تو پارلیمان کا ‘ان کیمرہ’ اجلاس بلا کر تمام منتخب نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ قومی موقف واضح ہو سکے۔