خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ ، ہائی الرٹ جاری

ریسکیو 1122 اور دیگر ہنگامی سروسز کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیدیا گیا ہے ۔

               
March 10, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور : صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF) اور اچانک سیلابی صورتحال (Flash Floods) کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے اور متوقع بارشوں کے باعث ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 10 سے 12 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، جس سے گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور اپر کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حساس مقامات اور گلیشیائی جھیلوں کی مسلسل نگرانی کرے۔خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت آگاہ کرنے اور محفوظ مقامات کی نشاندہی کر کے انہیں وہاں منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

ریسکیو 1122 اور دیگر ہنگامی سروسز کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر خطرناک علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ مزید برآں، نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔