امریکا میں دوچینی شہریوں کو 30،30 ماہ قید کی سزا

سزا پانے والوں میں لیرن ’ریان‘ لائی اور یوانس چن شامل ہیں۔ دونوں افراد کو قید کی سزا مکمل ہونے کے بعد مزید تین سال تک نگرانی میں بھی رہنا ہوگا۔

October 31, 2026 · بام دنیا
امریکا میں دوچینی شہریوں کو 30،30 ماہ قید کی سزا

امریکا میں دوچینی شہریوں کو 30،30 ماہ قید کی سزا

امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے چین کی وزارتِ ریاستی سلامتی کے لیے خفیہ انٹیلی جنس سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرنے والے دو چینی شہریوں کو 30، 30 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق سزا پانے والوں میں لیرن ’ریان‘ لائی اور یوانس چن شامل ہیں۔ دونوں افراد کو قید کی سزا مکمل ہونے کے بعد مزید تین سال تک نگرانی میں بھی رہنا ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان چینی انٹیلی جنس کے لیے امریکی فوجی اہلکاروں اور فوجی تنصیبات سے متعلق معلومات جمع کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے امریکی فوج، بالخصوص بحریہ سے وابستہ اہلکاروں کو انٹیلی جنس سرگرمیوں کے لیے بھرتی کرنے کی کوشش بھی کی۔

عدالتی کارروائی کے دوران دونوں افراد نے غیرملکی حکومت کے ایجنٹ کے طور پر خفیہ طور پر کام کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اس نیٹ ورک میں خفیہ طور پر رقم منتقل کرنے کے لیے مخصوص مقامات پر رقم چھوڑنے کا طریقہ استعمال کیا گیا۔ ایک کارروائی کے دوران تقریباً 10 ہزار ڈالر جبکہ بعد میں مزید 20 ہزار ڈالر خفیہ طور پر منتقل کیے گئے۔

امریکی حکام کے مطابق یوانس چن پر امریکی بحریہ کی تنصیبات، فوجی اہلکاروں اور ممکنہ انٹیلی جنس اہداف سے متعلق معلومات اور تصاویر جمع کرنے کا الزام بھی تھا۔