ایران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانا شروع کر دیں، امریکی انٹیلی جنس کا دعویٰ

آبی گزرگاہ سے دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کے برابر خام تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔

               
March 11, 2026 · بام دنیا

امریکی انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق ایران نے دنیا کی اہم ترین توانائی گزرگاہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانا شروع کر دی ہیں۔

اس آبی گزرگاہ سے دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کے برابر خام تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال بارودی سرنگیں محدود تعداد میں بچھائی گئی ہیں اور گزشتہ چند دنوں میں چند درجن مائنز پانی میں نصب کی گئی ہیں۔ تاہم ایران کے پاس اب بھی اپنی 80 سے 90 فیصد چھوٹی کشتیاں اور مائن بچھانے والے جہاز موجود ہیں، جس کے باعث وہ بآسانی سینکڑوں بارودی سرنگیں آبنائے ہرمز میں نصب کر سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران کی اسلامک ریوولوشنری گارڈ کور (IRGC) جو روایتی ایرانی بحریہ کے ساتھ مل کر اس آبنائے پر کنٹرول رکھتی ہے، اس صلاحیت کی حامل ہے کہ وہ بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں، دھماکہ خیز مواد سے بھری کشتیوں اور ساحل سے مار کرنے والے میزائل سسٹمز کے ذریعے دفاعی حصار قائم کر سکے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز میں کوئی بارودی سرنگیں بچھائی ہیں تو انہیں فوری طور پر ہٹا دیا جائے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابھی تک ایسی کوئی مصدقہ رپورٹ سامنے نہیں آئی۔