افغان طالبان رجیم دہشتگردوں کی سرپرست، خطے اور عالمی امن کیلئے خطرہ
افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مؤثر اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے
نیویارک: اقوام متحدہ نے افغانستان میں سکیورٹی، دہشت گردی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ موجودہ حالات عالمی برادری کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتے ہیں۔
افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن کی نائب نمائندہ جورجٹ گگنون نے سلامتی کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردی کے خطرات اور انسانی حقوق کی صورتحال بدستور باعث تشویش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں سرگرم مختلف شدت پسند گروہوں کے حوالے سے خطے کے ممالک کو بھی سنگین خدشات لاحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مؤثر اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، کیونکہ ملک سے ممکنہ دہشت گردی کا خطرہ عالمی سطح پر بھی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
جورجٹ گگنون کے مطابق افغانستان کی سفارتی تنہائی خطے میں عدم استحکام، دہشت گردی اور منشیات کے بڑھتے ہوئے مسائل کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ پالیسیوں اور قوانین کے باعث افغان عوام، خصوصاً خواتین کے حقوق اور مستقبل کے حوالے سے عالمی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ان کے بقول ایسی پابندیوں نے معاشرے کے مختلف طبقات کے لیے یکساں مواقع اور بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے سوالات پیدا کر دیے ہیں۔