پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں حوصلہ افزا پیشرفت، آئی ایم ایف کا اعلان
آئی ایم ایف نے مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے پر زور دیا اور مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے معاشی اثرات پر بھی غور کیا۔
اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات میں حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی ہے اور آئندہ چند دنوں میں بات چیت کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ 25 فروری سے 11 مارچ تک ہونے والے مذاکرات کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اصلاحات اور ماحولیاتی شعبے میں پاکستان کی کارکردگی مثبت رہی۔ تاہم، 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (EFF) پروگرام کے تحت اسٹاف لیول معاہدہ ابھی تک طے نہیں پایا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف نظرثانی شدہ معاشی اور مالیاتی فریم ورک پر اتفاق رائے کے قریب ہیں۔ مذاکرات میں مالیاتی خسارے کو کم کرنے، پبلک فنانس مضبوط بنانے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور سماجی شعبوں جیسے صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کے اخراجات بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
آئی ایم ایف نے مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے پر زور دیا اور مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے معاشی اثرات پر بھی غور کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ آئندہ چند دنوں میں مذاکرات کو حتمی شکل دی جائے گی۔