ایران کی اجازت سے 2 بھارتی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزر گئے

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد تہران نے اس اہم سمندری راستے پر ٹریفک محدود کر دی تھی

               
March 14, 2026 · بام دنیا

ایران کی جانب سے خصوصی اجازت ملنے کے بعد دو بھارتی بحری جہاز آبنائے ہرمز عبور کر کے بھارت کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔

بھارتی حکام کے مطابق یہ دونوں ٹینکر مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) لے کر جا رہے تھے اور علی الصبح بحفاظت آبنائے ہرمز سے گزر گئے۔ نئی دہلی میں وزارتِ بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے خصوصی سیکریٹری راجیش کمار سنہا نے بریفنگ میں بتایا کہ دونوں جہاز اب بھارت کی بندرگاہوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد تہران نے اس اہم سمندری راستے پر ٹریفک محدود کر دی تھی، جس کے باعث عالمی توانائی سپلائی متاثر ہوئی۔ اسی صورتحال کے دوران بھارت میں ایل پی جی کی قلت پیدا ہو گئی تھی۔

نئی دہلی میں ایران کے سفیر محمد فتالی نے بھی تصدیق کی کہ ایران نے ناکہ بندی کے باوجود چند بھارتی جہازوں کو خصوصی اجازت دیتے ہوئے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی۔ تاہم انہوں نے اس بات کی تفصیل نہیں بتائی کہ کتنے جہازوں کو یہ اجازت دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے جہاں سے دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل اور مائع قدرتی گیس کی تجارت ہوتی ہے۔

ادھر بھارت نے گیس کی ممکنہ قلت کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے ریفائنریوں کو ایل پی جی کی پیداوار بڑھانے کی ہدایت کی ہے اور صارفین سے کہا ہے کہ وہ گھبراہٹ میں اضافی سلنڈر خریدنے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ حکومت نے پائپ لائن کے ذریعے گیس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے حصول اور ری فلنگ پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔