عمرہ ویزوں کا اجرا یکم شوال کو روک دیا جائے گا ، سعودی وزارت حج و عمرہ

مملکت سعودی عرب میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال ہو گی

               
March 16, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

جدہ : سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں عمرہ سیزن کے اختتام اور حج سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے اہم تاریخوں کا اعلان کر دیا ۔عمرہ ویزوں کا اجرا یکم شوال کو روک دیا جائے گا، وزارت کے مطابق، عمرہ زائرین کی سہولت اور حج انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے ویزا جاری کرنے اور مملکت میں داخلے کے لیے ڈیڈ لائنز مقرر کر دی گئی ہیں۔

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق عمرہ ویزا کے اجرا کی آخری تاریخ یکم شوال اور مملکت میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال ہو گی جبکہ عمرہ زائرین کے قیام کی آخری تاریخ یکم ذوالقعدہ ہو گی ۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ یکم ذوالقعدہ تک تمام عمرہ زائرین کا مملکت سے روانہ ہونا لازمی ہے تاکہ حج سیزن کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔

وزارت نے عمرہ کمپنیوں کے ساتھ منعقدہ 17ویں دوری اجلاس میں اس بات پر سختی سے زور دیا کہ عمرہ ویزا پر حج کی ادائیگی قطعی طور پر ممنوع ہے۔ حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے صرف مخصوص “حج ویزا” کا ہونا لازمی ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ زائرین کی آمد و روانگی کی معلومات کو Nusk Masar پلیٹ فارم پر مسلسل اپ ڈیٹ رکھا جائے۔

ایئرپورٹس پر رش کم کرنے کے لیے زائرین کی آمد کو مختلف اوقات (Staggered times) میں تقسیم کیا جائے۔رمضان المبارک کے دوران بہترین خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔