فٹبال عالمی کپ،ایران کے مقابلے میکسیکو منتقل کرنے پر غور
ایران عالمی فٹبال تنظیم سے بات چیت کر رہا ہے تاکہ ایرانی ٹیم کے تمام مقابلے میکسیکو منتقل کرنے کے امکان پر غور کیا جا سکے۔
فٹبال کے عالمی مقابلوں کے آئندہ مرحلے کے حوالے سے ایران کی قومی ٹیم کے شیڈول سے متعلق ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ایران کی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے کہا ہے کہ ایران عالمی فٹبال تنظیم سے بات چیت کر رہا ہے تاکہ ایرانی ٹیم کے تمام مقابلے میکسیکو منتقل کرنے کے امکان پر غور کیا جا سکے۔
ایران نے مسلسل چوتھی مرتبہ فٹبال عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ یہ عالمی مقابلے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوں گے۔ تاہم ایرانی ٹیم کے دو مقابلے امریکی شہروں لاس اینجلس اور سیئٹل میں طے کیے گئے ہیں جن کے بارے میں اب غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت مزید حساس ہو گیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیان سامنے آیا جس میں ایرانی ٹیم کی امریکا میں شرکت کے دوران سلامتی سے متعلق خدشات کا ذکر کیا گیا۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے مہدی تاج کا کہنا تھا کہ اگر میزبان ملک مکمل سلامتی کی یقین دہانی نہیں کرا سکتا تو ایران کے لیے وہاں سفر کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب ایران کے وزیر کھیل نے بھی حالیہ کشیدگی کے باعث ٹیم کی شرکت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ صورتحال عالمی کھیلوں میں سیاست کے بڑھتے اثرات کو ظاہر کرتی ہے۔