برازیل نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ملک کے اندر سپرسونک لڑاکا طیارہ تیار کر لیا

یہ جدید لڑاکا طیارہ گریپن ماڈل کا ہے اور بدھ کے روز برازیل کے شہر گاویاو پیکسوٹو میں منعقدہ تقریب میں اس کی رونمائی کی گئی

               
March 26, 2026 · بام دنیا

برازیلیا: برازیل نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ملک کے اندر سپرسونک لڑاکا طیارہ تیار کر لیا ہے، جسے دفاعی شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ جدید لڑاکا طیارہ گریپن ماڈل کا ہے اور بدھ کے روز برازیل کے شہر گاویاو پیکسوٹو میں منعقدہ تقریب میں اس کی رونمائی کی گئی۔ اس کامیابی کے ساتھ برازیل لاطینی امریکہ کا پہلا ملک بن گیا جو سپرسونک لڑاکا طیارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

برازیل نے سن 2014 میں سویڈن کی دفاعی کمپنی صاب کے ساتھ گریپن طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا تاکہ اپنے پرانے لڑاکا طیاروں کے بیڑے کو جدید بنایا جا سکے۔ اس معاہدے کے تحت برازیل کو کل 36 طیاروں میں سے 15 طیارے مقامی سطح پر تیار کرنے کی اجازت ملی، جس سے ملک کی دفاعی صنعت میں اہم ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوئی۔

سویڈش کمپنی صاب کے سربراہ میکائل یوہانسن نے کہا کہ کمپنی کی تقریباً 90 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ لڑاکا طیارہ سویڈن سے باہر تیار کیا جا رہا ہے، اور مستقبل میں یہ پروڈکشن لائن دیگر ممالک کو طیارے برآمد کرنے کے لیے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ برازیل کی فوجی ہوا بازی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور صلاحیت کا مظہر ہے۔ اس کے علاوہ، برازیل کے تیار کردہ C-390 ملینیم کارگو طیارے کی یورپی ممالک میں مقبولیت بھی ملک کی فضائی صنعت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔

ہمسایہ ملک کولمبیا نے بھی گریپن طیارے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جس سے برازیل کے لیے برآمدی مواقع مزید بڑھ سکتے ہیں۔