عازمینِ حج کے لئے ’پاک حج ایپ‘‘ پر بیماریوں سے متعلق سوالنامہ جاری
عازمینِ حج کسی بھی دشواری سے بچنے کے لیے ’’پاک حج 2026‘‘ موبائل ایپ سے مسلسل منسلک رہیں اور جمعہ تک اپنا طبی پروفائل لازمی مکمل کریں۔
اسلام آباد۔،وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے لیے منتخب ہونے والے ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی عازمینِ حج کے لیے ڈیجیٹل طبی ریکارڈ کی فراہمی لازمی قرار دیتے ہوئے ’’پاک حج ایپ‘‘پر میڈیکل سوالنامہ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان مذہبی امور عمر بٹ کے مطابق، حج کے دوران درپیش شدید جسمانی مشقت اور ہنگامی حالات میں عازمین کو فوری اور درست طبی امداد فراہم کرنے کے لیے سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق یہ ڈیٹا بیس تیار کیا جا رہا ہے،
جس کے لیے تمام عازمین کو اگلے 36 گھنٹوں (بروز جمعہ) تک اپنی صحت سے متعلق تفصیلات بذریعہ ایپ فیڈ کرنے کی حتمی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ یہ سوالنامہ عازمینِ حج کو طبی سہولیات کی مربوط فراہمی میں کلیدی معاون ثابت ہوگا۔ اس میں ذیا بیطس ، ہائی بلڈ پریشر،گنٹھیا،تھائرائیڈ، دمہ اور امراضِ قلب جیسی دائمی بیماریوں کا اندراج کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں طبی عملہ عازمِ حج کی ہسٹری سے واقف ہو۔
تمام عازمین ان بیماریوں کے خانے کے سامنے باکس میں بیماری ہونے کی صورت میں YES اور نہ ہو نے کی صورت میں NO کا انتخاب کریں۔
ترجمان کے مطابق، پاک حج ایپ کو ایک مکمل ’’ون ونڈو آپریشن‘‘ پورٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جس میں حج ویزہ کے حصول کے لئے حج ویزہ پرنٹ کرنے کا براہِ راست لنک فعال کر دیا گیا ہے۔
عازمین اپنی مخصوص پروازوں کا شیڈول اور وقت بھی ایپ پر دیکھ سکیں گے۔
رجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ وزارتِ مذہبی امور مرحلہ وار نئی معلومات اور ہدایات ایپ میں شامل کر رہی ہے
عازمینِ حج کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی دشواری سے بچنے کے لیے ’’پاک حج 2026‘‘ موبائل ایپ سے مسلسل منسلک رہیں اور جمعہ تک اپنا طبی پروفائل لازمی مکمل کریں۔