عازمینِ حج کے لیے بڑی خوشخبری: وزارتِ مذہبی امور کا ’ون ونڈو‘ سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ

ملک بھر کے 10 بڑے حاجی کیمپوں میں تربیت اور ویکسینیشن کا عمل بیک وقت 8 اپریل سے شروع ہو گا، ترجمان وزارت مذہبی امور

               
March 27, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے حکومتی ہدایات پر مؤثر عمل درآمد کرتے ہوئے عازمینِ حج کی سہولت کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ اب حج تربیت، ویکسینیشن اور ادویات کی پیکنگ جیسی تمام ضروری سہولیات ایک ہی چھت تلے اور ایک ہی دن فراہم کی جائیں گی۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق ملک بھر کے 10 بڑے حاجی کیمپوں میں تربیت اور ویکسینیشن کا عمل بیک وقت 8 اپریل سے شروع ہو رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عازمین کو بار بار کے چکروں اور دشواریوں سے بچانا ہے۔

تمام سرکاری عازمینِ حج کے لیے اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق حاجی کیمپ پہنچنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

عازمین اپنی تربیت اور ویکسینیشن کا درست شیڈول ’پاک حج موبائل ایپ‘ پر چیک کر سکتے ہیں۔

تربیتی سیشن میں صرف تربیت ہی نہیں، بلکہ اس سیشن کے دوران عازمین کو درج ذیل ضروری اشیاء بھی فراہم کی جائیں گی جن میں حج ٹکٹ اور ویزا، شناختی لاکٹ ، کوائف نامے (لگیج ٹیگز)

عازمین کی مالی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے حاجی کیمپوں میں کرنسی ایکسچینج کے لیے مختلف بینکوں کے کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے، تاکہ عازمین کو ریال کے تبادلے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

“وزارتِ مذہبی امور تمام عازمینِ حج کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے تاکہ وہ اپنے مقدس سفر کی تیاری ذہنی سکون کے ساتھ مکمل کر سکیں۔”