سری لنکا میں پٹرول ذخیرہ کرنے پر شہری کو قیدکی سزا

ملزم پر یہ الزام ثابت ہوا کہ اس نے ایندھن مستقبل میں مہنگے داموں فروخت کرنے کے لیے ذخیرہ کیا

               
March 28, 2026 · بام دنیا

 

سری لنکا میں ایندھن کے شدید بحران کے دوران ایک شہری کو محض چار لیٹر پٹرول ذخیرہ کرنے پر تین ہفتے قید اور جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 48 سالہ شخص کو ایک مجسٹریٹ نے کولمبو سے تقریباً 125 کلومیٹر دور نیکاویراتیا شہر میں سزا سنائی۔ عدالت نے اسے 1500 روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ شہری کا مؤقف تھا کہ اس نے پٹرول گھاس کاٹنے والی مشین کے استعمال کے لیے خریدا تھا۔

تاہم حکام کے مطابق ملزم پر یہ الزام ثابت ہوا کہ اس نے ایندھن مستقبل میں مہنگے داموں فروخت کرنے کے لیے ذخیرہ کیا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک میں فیول راشننگ کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔

سری لنکا اس وقت شدید توانائی بحران کا سامنا کر رہا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں رکاوٹ ہے۔ ایران کے خلاف جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کی بندش نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، کیونکہ عالمی تیل ترسیل کا بڑا حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے۔

ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے جبکہ شہریوں کو اب محدود دنوں میں ہی ایندھن خریدنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق موجودہ ڈیزل ذخائر مئی کے وسط تک کافی ہیں، جبکہ پٹرول کے ذخائر ایک ہفتے میں ختم ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب سری لنکن قیادت نے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے روس سے تعاون بڑھانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں، اور اس حوالے سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی کی گئی ہیں۔