یونان کے قریب کشتی حادثہ،22 تارکین وطن جان کی بازی ہار گئے

حادثہ سمندر میں اس وقت پیش آیا جب تارکین وطن ایک ربڑ کی کشتی کے ذریعے سفر کر رہے تھے۔

               
March 28, 2026 · بام دنیا

یونان کے ساحل کے قریب پیش آنے والے کشتی حادثے میں کم از کم 22 تارکین وطن جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دیگر افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثہ سمندر میں اس وقت پیش آیا جب تارکین وطن ایک ربڑ کی کشتی کے ذریعے سفر کر رہے تھے۔

واقعے کے بعد یورپی سرحدی ایجنسی کے جہاز نے کریٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 26 افراد کو ریسکیو کر لیا۔

بچ جانے والے افراد نے حکام کو بتایا کہ وہ تقریباً چھ روز تک سمندر میں پھنسے رہے اور شدید مشکلات کا سامنا کرتے رہے۔

ان کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں سمندر میں ہی پھینک دی گئی تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ سمندری راستوں سے غیر قانونی ہجرت کے خطرات ایک بار پھر نمایاں ہو گئے ہیں۔