اسلام آباد میں فارم ہاؤس کے اندر قتل ٹیوٹا موٹرز کے مالک کون تھے؟
عامر اعوان وزیراعظم کے مشیر توقیر شاہ کے انتہائی قریبی دوستوں میں شمار کیے جاتے تھے ،حکومتی ایوانوں میں بھی کھلبلی
فائل فوٹو
اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کے تھانہ نیلور کی حدود میں واقع ایک فارم ہاؤس میں اسلام آباد ٹیوٹا موٹرز کے مالک عامر اعوان کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقتول کی اہلیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی اہم سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیج بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہے۔
عامر اعوان اسلام آباد کی معروف کاروباری شخصیت اور اسلام آباد ٹیوٹا موٹرز کے مالک تھے۔ وہ نہ صرف بزنس کمیونٹی میں ایک نمایاں مقام رکھتے تھے بلکہ سیاسی و انتظامی حلقوں میں بھی ان کا گہرا اثر و رسوخ تھا۔
عامر اعوان وزیراعظم کے مشیر توقیر شاہ کے انتہائی قریبی دوستوں میں شمار کیے جاتے تھے، جس کی وجہ سے اس ہائی پروفائل قتل کیس نے حکومتی ایوانوں میں بھی کھلبلی مچا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق عامر اعوان اپنے فارم ہاؤس میں موجود تھے جب نامعلوم مسلح افراد نے ان پر حملہ کیا۔ پولیس کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کی نقل و حرکت اور حملے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں، جس کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عامر اعوان کی اہلیہ کی جانب سے دی گئی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے سوچی سمجھی سازش کے تحت ان کے شوہر کو نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فارم ہاؤس کے عملے اور سیکیورٹی گارڈز سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ملزمان اندر کیسے داخل ہوئے اور کیا انہیں کسی اندرونی شخص کی مدد حاصل تھی۔ عامر اعوان کی میت پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا برقرار ہے۔