آبنائے ہرمز پرسلامتی کونسل کی ووٹنگ ہفتہ تک مؤخر

سلامتی کونسل کے 15 ارکان بحرین کی جانب سے پیش کی گئی قراردادپر ووٹنگ کریں گے

               
April 3, 2026 · بام دنیا

آبنائے ہرمز میں جہازوں کی حفاظت یقینی بنانے سے متعلق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی ووٹنگ جمعہ سے مؤخر کر کے ہفتہ کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلامتی کونسل کے 15 ارکان بحرین کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد پر ووٹنگ کریں گے، جس کا مقصد اس اہم گزرگاہ میں تجارتی جہاز رانی کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ یہ آبی راستہ عالمی سطح پر تقریباً پانچواں حصہ تیل اور قدرتی گیس کی ترسیل کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق قرارداد کے مسودے میں ایسے الفاظ شامل ہیں جن کے تحت ممالک کو تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے “تمام ضروری دفاعی اقدامات” کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

تاہم اس قرارداد کی منظوری کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں، کیونکہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن اور ویٹو پاور رکھنے والے ملک چین نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی ایسی قرارداد کی مخالفت کرے گا جس میں طاقت کے استعمال کا ذکر ہو۔