بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بحران کا شکار،مزید تین ڈائریکٹرز مستعفی
فیاض الرحمٰن نے ہفتے کے روز ڈھاکہ میں ہونے والے طویل بورڈ اجلاس کے فوراً بعد اپنے عہدے سے علیحدگی اختیار کی
ڈھاکہ: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میں جاری اندرونی بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں ایک ہی دن میں مزید تین ڈائریکٹرز نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیاض الرحمٰن نے ہفتے کے روز ڈھاکہ میں ہونے والے طویل بورڈ اجلاس کے فوراً بعد اپنے عہدے سے علیحدگی اختیار کی۔ ان کے بعد شانیان تنعیم اور مہراب عالم چوہدری نے بھی استعفے دے دیے۔
ان حالیہ استعفوں کے بعد گزشتہ چھ ماہ کے دوران مستعفی ہونے والے ڈائریکٹرز کی تعداد چھ تک پہنچ گئی ہے، جو بورڈ کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی اور عدم استحکام کو ظاہر کرتی ہے۔
بورڈ کے میڈیا چیئرمین کے مطابق اجلاس کے دوران ان استعفوں پر باضابطہ گفتگو نہیں ہوئی، جبکہ مستعفی اراکین نے ذاتی وجوہات کو بنیاد قرار دیا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اندرونی اختلافات اور حالیہ اجلاس کی صورتحال اس پیش رفت کا سبب بن سکتی ہے۔
دوسری جانب حکومتی سطح پر بھی بورڈ کے معاملات اور حالیہ انتخابات کی تحقیقات جاری ہیں، جس سے مجموعی صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔