ثمر خان آرکٹک مہم مکمل کرنے والی پہلی پاکستانی ایتھلیٹ بن گئیں
یہ دشوار گزار سفر آرکٹک کے برف پوش میدانوں میں کتوں کی سلیج کے ذریعے طے کیا جاتا ہے، جہاں حالات انتہائی سخت ہوتے ہیں۔
پاکستان کی معروف ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان نے ایک اور نمایاں کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے فیل راؤن پولر چیلنج کی 300 کلومیٹر طویل برفانی مہم کامیابی سے مکمل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق اس مہم کے دوران انہوں نے شدید سردی، منفی درجہ حرارت، جسمانی تھکن اور ذہنی دباؤ کا بھرپور مقابلہ کیا۔
یہ دشوار گزار سفر آرکٹک کے برف پوش میدانوں میں کتوں کی سلیج کے ذریعے طے کیا جاتا ہے، جہاں حالات انتہائی سخت ہوتے ہیں۔
ثمر خان کا کہنا ہے کہ یہ مہم صرف جسمانی آزمائش نہیں بلکہ خود کو دریافت کرنے کا ایک منفرد تجربہ بھی تھا۔
انہوں نے کہا کہ آرکٹک کی خاموشی میں انہوں نے اپنی شخصیت کے ایک مضبوط پہلو کو پہچانا۔
مہم میں شرکت سے قبل انہیں ویزا کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور روانگی سے محض ایک دن قبل پاسپورٹ ملا،
تاہم انہوں نے ہمت نہ ہاری اور عالمی چیلنج کا حصہ بن کر اسے کامیابی سے مکمل کیا۔
ثمر خان اس سے قبل بھی کئی نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکی ہیں، جن میں بیا فو گلیشیئر پر سائیکلنگ اور ماؤنٹ کلیمنجارو اور ماؤنٹ ایلبروس جیسے بلند پہاڑوں کی مہمات شامل ہیں،
جس کے باعث وہ پاکستان کی نمایاں مہم جو شخصیات میں شمار ہوتی ہیں۔