لائیو پاکستان کی کامیاب سفارت کاری۔دنیا بڑی تباہی سے بچ گئی

وزیراعظم شہبازشریف کی اپیل پر امریکہ اور ایران نےدو ہفتے کی جنگ بندی کا اعلان کردیا

               
April 8, 2026 · بام دنیا

پاکستانی سفارتی کوششیں رنگ لائیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے دو ہفتے جنگ بندی کی پاکستانی تجویز مان لی۔دنیا بڑی تباہی سے بچ گئی.

امریکہ کے بعد ایران نے بھی پاکستان کی جنگ بندی تجویز قبول کر لی۔
نو منتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے وزیراعظم شہباز شریف کی دو ہفتے جنگ بندی کی منظوری دے دی.
عالمی مبصرین نے اسے پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان اس وقت پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور اس کی سفارت کی کوششوں سے دنیا ایک بڑی تباہی سے بچ گئی جو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر کھڑی تھی۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران پر تباہ کن حملوں کے حوالے سے الٹی میٹم بدھ کی صبح پانچ بجے ختم ہو رہا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نصف شب کو امریکہ اور ایران دونوں سے اپیل کی تھی کہ وہ دو ہفتے کے لیے جنگ بندی کریں۔
دوسری طرف تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایران نے کہا ہے کہ امریکہ سے مذاکرات اسلام اباد میں ہوں گے اور اس حوالے سے 10 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔اگر مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو جنگ بندی میں مزید توسیع ہو سکتی ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر وہ ایران کے خلاف طے شدہ حملے کو دو ہفتوں کے لیے مؤخر کرنے پر آمادہ ہیں، بشرطیکہ ایران آبنائے ہرمز کو فوری، مکمل اور محفوظ طریقے سے کھول دے۔

ان کے مطابق یہ ایک دو طرفہ جنگ بندی ہوگی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اپنے تمام فوجی اہداف حاصل کر چکا ہے اور ایران کے ساتھ طویل المدتی امن معاہدے پر پیش رفت کافی حد تک ہو چکی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ایران کی جانب سے 10 نکاتی تجویز موصول ہوئی ہے جو مذاکرات کے لیے قابلِ عمل بنیاد فراہم کرتی ہے۔

امریکی صدر کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان زیادہ تر اختلافی نکات پر اتفاق ہو چکا ہے، اور دو ہفتوں کی مہلت معاہدے کو حتمی شکل دینے میں مدد دے گی۔ انھوں نے کہا کہ بطور صدر، اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے، اس دیرینہ مسئلے کے حل کے قریب پہنچنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔