بزنس ٹو بزنس روابط کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے:وزیراعظم

کمپنی نئی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور برآمدات میں اضافہ اس کی ترجیحات میں شامل ہے

               
April 9, 2026 · اہم خبریں, قومی

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بزنس ٹو بزنس تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری میں اضافہ اور معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم سے سروس لانگ مارچ ٹائرز کے چیئرمین جن یانگ شینگ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمپنی نئی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور برآمدات میں اضافہ اس کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال میں کمپنی کا ایکسپورٹ ریونیو 54 ملین ڈالر رہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک شفاف اور سرمایہ کار دوست نظام فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مشترکہ منصوبوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، ٹیکنالوجی کا تبادلہ ہوتا ہے اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہوتا ہے، جو دونوں ممالک کی معیشت کے لیے فائدہ مند ہے۔