علاقائی استحکام کے لیے امریکہ ایران جنگ بندی کو موقع بنایا جائے۔مصر
اشنگٹن اور تہران کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے باضابطہ مذاکرات کا آغازنہایت ضروری ہے
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کو خطے میں وسیع تر امن و استحکام کے لیے ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے اس پر آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
مصری ایوانِ صدر کے مطابق صدر السیسی نے یہ بات اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی، جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان باقی ماندہ تنازعات کے حل کے لیے باضابطہ مذاکرات کا آغاز نہایت ضروری ہے۔
صدر السیسی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مصر کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے عرب ممالک کی سلامتی و خودمختاری کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، اور کسی بھی قسم کی جارحیت یا وسائل کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کی۔