امریکہ میں ویزا فراڈ کیس میں 10بھارتی باشندوں پر فردِ جرم عائد
ملزمان نے ویزا حاصل کرنے کے لیے جعلی مسلح ڈکیتیوں کی سازش تیار کی
امریکہ میں ویزا فراڈ کے ایک سنگین مقدمے میں 10 بھارتی شہریوں پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف (ڈی او جے) کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ویزا حاصل کرنے کے لیے جعلی مسلح ڈکیتیوں کی سازش تیار کی۔حکام کے مطابق بوسٹن کی وفاقی گرینڈ جیوری نے ملزمان پر ویزا فراڈ کی سازش کا باضابطہ الزام عائد کیا۔
اس سے قبل مارچ میں ان افراد کے خلاف ابتدائی فوجداری شکایت درج کی گئی تھی۔محکمہ انصاف کے بیان کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر سہولت اسٹورز میں فرضی مسلح ڈکیتیوں کا منصوبہ بنایا، تاکہ وہاں کام کرنے والے افراد خود کو جرائم کا شکار ظاہر کر کے امیگریشن درخواستوں میں فائدہ حاصل کر سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر جرم ثابت ہو جاتا ہے تو ملزمان کو زیادہ سے زیادہ پانچ سال قید کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ سزا مکمل ہونے کے بعد انہیں ملک بدر بھی کیا جا سکتا ہے۔