پوپ لیو کا مقدس مقامات پر تشدد کے بڑھتے واقعات پر اظہارِ تشویش
عبادت گاہوں اور مقدس مقامات پر ہونے والا غیر انسانی اور بے مقصد تشدد انتہائی افسوسناک اور خطرناک رجحان ہے۔
ویٹی کن سٹی: کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے دنیا بھر میں مقدس مذہبی مقامات پر بڑھتے ہوئے تشدد اور بے حرمتی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پوپ لیو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عبادت گاہوں اور مقدس مقامات پر ہونے والا غیر انسانی اور بے مقصد تشدد انتہائی افسوسناک اور خطرناک رجحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف خطوں میں مذہبی اور سیاسی کشیدگی کے باعث مساجد، گرجا گھر اور دیگر عبادت گاہیں بھی عدم تحفظ کا شکار ہو رہی ہیں، جو عالمی امن کے لیے باعث تشویش ہے۔
پوپ لیو کے مطابق مقدس مقامات کا احترام تمام مذاہب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ان پر حملے انسانیت کے لیے نقصان دہ ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں مختلف ممالک میں مذہبی مقامات پر حملوں اور بے حرمتی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس پر عالمی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔