خدمات کے شعبے کی برآمدات میں 18.31 فیصد نمایاں اضافہ
جولائی 2025 تا فروری 2026 کے دوران شعبہ کی خدمات 6.46 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں
خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 18.31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ جولائی 2025 تا فروری 2026 کے دوران شعبہ کی خدمات 6.46 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 25-2024 کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات سے 5.46 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا ۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 18 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق فروری 2026 میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں خدمات کی برآمدات میں 16.89 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی اورفروری 2025 کی برآمدات 694.90 ملین ڈالر کے مقابلہ میں فروری 2026 کے دوران 812.25 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔