پیوٹن کا ایرانی ہم منصب مسعود پزیشکیان کو فون، ناکام مذاکرات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

صدر پزیشکیان نے صدر پیوٹن کو پاکستان میں امریکی حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے حوالے سے آگاہ کیا

               
April 12, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

تہران: ایرانی صدر مسعود پزیشکیان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں پاکستان میں امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی ناکامی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ایرانی صدر کے دفتر سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹویٹر) پر جاری کردہ بیان کے مطابق یہ رابطہ پاکستان میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے بے نتیجہ ختم ہونے کے بعد عمل میں آیا۔

صدر پزیشکیان نے صدر پیوٹن کو پاکستان میں امریکی حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے حوالے سے آگاہ کیا، جو کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے میں ناکام رہی۔ دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی تازہ ترین تبدیلیوں کا جائزہ لیا۔

گفتگو کے دوران خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ بندی کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق، روس اور ایران کے درمیان طویل عرصے سے ہتھیاروں کا تبادلہ جاری ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ روس ایران کو سیٹلائٹ مدد فراہم کر سکتا ہے۔ تاہم، روس اب تک براہ راست کسی تنازع کا حصہ بننے سے گریز کر رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تہران اور ماسکو کے درمیان یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں سفارتی کوششیں تعطل کا شکار ہیں اور عالمی طاقتوں کی نظریں ایران کے اگلے اقدامات پر لگی ہوئی ہیں۔