بیت اللہ کا روح پرور منظر،غلافِ کعبہ اٹھائے جانے کی وڈیوز وائرل
سیاہ پوشش کے بغیر اس کی اصل پتھریلی دیوار نمایاں نظر آ رہی ہے
تصویر: عرب نیوز
بیت اللہ شریف کے حسن وجمال ،اورجلال و روحانیت کا ایک دلکش منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب کعبہ شریف کے غلاف (کسوہ) کے نچلے حصے کو اوپر اٹھایا گیا۔ اس منفرد لمحے کی متعدد وڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں کعبہ کی سیاہ پوشش کے بغیر اس کی اصل پتھریلی دیوار نمایاں نظر آ رہی ہے ،اور زائرین طواف میں مصروف ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ، اس وقت کعبہ شریف کی بیرونی دیواروں کی خصوصی صفائی، دیکھ بھال اور پالش کا کام جاری ہے، جو مسجد الحرام میں جاری ایک وسیع توسیعی منصوبے کے آخری مراحل کا حصہ ہے۔ یہ منصوبہ تقریباً ایک دہائی پر محیط ہے اور اس کی تکمیل کے بعد مزید 12 لاکھ زائرین کے لیے گنجائش پیدا ہونے کی توقع ہے۔
کعبہ کا بغیر غلاف کا نظارہ بہت ہی خوبصورت لگ رہا ہے pic.twitter.com/pVmkspi9lN
— Yamaan Shahid 𝕩 (@realYamaan) April 12, 2026
حکام کا کہنا ہے کہ اس اپ گریڈیشن سے نہ صرف حج اور عمرہ کے انتظامات بہتر ہوں گے بلکہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین کے لیے سہولیات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ سعودی حکومت کے لیے عالمی حج کوٹہ بڑھانا بھی آسان ہو جائے گا، جس سے زیادہ آبادی والے مسلم ممالک میں طویل انتظار کے مسئلے میں کمی آئے گی۔
یاد رہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جولائی 2015 میں مسجد الحرام کی توسیع کے پانچ بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا تھا، جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔
غلافِ کعبہ کو اوپر اٹھانے کا عمل ہر سال حج کی تیاریوں کے سلسلے میں بھی کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد غلاف کو محفوظ اور صاف رکھنا ہوتا ہے، کیونکہ بہت سے زائرین عقیدت کے اظہار کے طور پر اسے چھونے، چومنے یا اس سے لپٹنے کی کوشش کرتے ہیں، بعض لوگ اس کا کچھ حصہ بطور تبرک کاٹنے کی بھی کوشش کرتے ہیں۔
حج سیزن کے دوران، غلاف کے نچلے حصے کو تقریباً تین میٹر تک اوپر اٹھا دیا جاتا ہے اور کعبہ شریف کے نچلے حصے کو سفید کاٹن کے کپڑے سے ڈھانپ دیا جاتا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف کسوہ کی حفاظت ممکن ہوتی ہے بلکہ اس کی صفائی اور خوبصورتی بھی برقرار رہتی ہے۔
یہ روح پرور مناظر دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عقیدت اور محبت کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔