پاک فضائیہ جدید اور مضبوط فورس، ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیارہے:نیول چیف
مہمانِ خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے، جبکہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے حلف اٹھایا۔
رسالبور — پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں جی ڈی پی 152 اور الائیڈ کورسز کی گریجویشن پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈمرل نوید اشرف تھے، جبکہ ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے، جبکہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے حلف اٹھایا۔
خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک مضبوط فورس ہے، جس نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان پر ملک کے دفاع کی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور افواجِ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے خطے کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے تنازع اور آبنائے ہرمز کی کشیدگی کے باعث عالمی تیل کی سپلائی متاثر ہوئی، جبکہ افواجِ پاکستان قوم کی حمایت سے دہشتگردی کے خلاف کامیابی سے برسرپیکار ہیں۔