عالمی اقتصادی ترقی کی شرح3.1 فیصد سے کم ہو کر 2 فیصد تک آ سکتی ہے
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں مزید شدت اور عالمی تیل منڈیوں میں مسلسل خلل دنیا کو کساد بازاری کے قریب لے جا سکتا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق بدترین صورتحال میں توانائی کی منڈیوں کو بار بار جھٹکے لگ سکتے ہیں، جس سے عالمی اقتصادی ترقی کی شرح موجودہ 3.1 فیصد سے کم ہو کر 2 فیصد تک آ سکتی ہے۔
ادارے کے مطابق اس صورت میں تیل کی قیمتیں 2026 میں اوسطاً 110 ڈالر فی بیرل اور 2027 میں 125 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں۔
آئی ایم ایف نے نسبتاً بہتر صورتحال میں کہا ہے کہ اگر تنازع مختصر رہا تو تیل کی قیمتیں 2026 کے دوسرے نصف میں معمول پر آ سکتی ہیں اور سالانہ اوسط 82 ڈالر فی بیرل رہ سکتی ہے۔
جبکہ درمیانی صورتحال کے تحت طویل تنازع کے باعث تیل کی قیمتیں اس سال 100 ڈالر اور 2027 میں 75 ڈالر فی بیرل کے قریب رہ سکتی ہیں، جس سے عالمی ترقی کی شرح 2025 کے 3.4 فیصد سے کم ہو کر 2.5 فیصد تک گر سکتی ہے۔
آئی ایم ایف کے چیف ماہرِ اقتصادیات پیئر اولیور گورینشاس نے کہا ہے کہ توانائی کی مسلسل رکاوٹوں اور تنازع کے خاتمے کے واضح راستے کے بغیر درمیانی یا منفی صورتحال زیادہ ممکن دکھائی دے رہی ہے۔