پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 100ویں نصف سنچری بناتے ہوئے 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
فوٹو سوشل میڈیا
کراچی:پی ایس ایل 11 کے 23 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔اس فتح کے ساتھ زلمی کی پلے آف مرحلے کےلیے راہیں ہموار ہوگئی۔
نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 154 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، حسن نواز 37 اور رائلی روسو 26 رنز بناکر نمایاں رہے، خواجہ نافع نے 20 اور کپتان سعود شکیل نے 16 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے سفیان مقیم اور محمد باسط نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کوئٹہ کے 3 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
پشاور کی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست ہے، اس نے 6 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے 5 میں کامیابی ملی جبکہ 1 میچ بارش کی نذر ہوا۔
پشاور زلمی نے 155 رنز کا ہدف صرف 19ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 100ویں نصف سنچری بناتے ہوئے 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
زلمی کے دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث 35، کوشل مینڈس 21 رنز بنائے جبکہ ایرون ہارڈی 18 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے الزاری جوزف اور سعود شکیل نے ایک ایک وکٹ لی۔پشاور زلمی کے صفیان مقیم کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔