راولپنڈیز کو مسلسل ساتویں شکست، قلندرز 32 رنز سے فاتح
میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔
کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں راولپنڈیز کی ٹیم کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں لاہور قلندرز نے 32 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔
بیٹنگ لائن میں فخر زمان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 54 گیندوں پر 84 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ محمد فاروق نے 41 گیندوں پر 63 رنز بنائے جبکہ عبداللّٰہ شفیق 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخری اوورز میں آصف علی نے 6 گیندوں پر 18 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط مجموعے تک پہنچایا۔
راولپنڈی کی جانب سے محمد عامر اور رضا اللہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز ہی بنا سکی۔ نوجوان بلے باز یاسر خان نے 58 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سعد نے 54 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلنے کے باوجود ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
یہ راولپنڈیز کی ایونٹ میں مسلسل ساتویں شکست ہے، جس کے بعد ان کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔