ایرانی تجارتی جہاز کی ضبطی پر چین کا اظہارِ تشویش

امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کی صورتحال اس وقت نازک مرحلے میں ہے،خطے میں استحکام کے لیے تمام فریقین کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

               
April 20, 2026 · بام دنیا

بیجنگ ۔ چین نے ایرانی تجارتی جہاز کو زبردستی روکے جانے اور قبضے میں لیے جانے کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق کسی بھی تجارتی جہاز کو زبردستی روکنے کے اقدامات خطے میں کشیدگی کو بڑھا سکتے ہیں اور بین الاقوامی قوانین کے تناظر میں ایسے معاملات پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کی صورتحال اس وقت نازک مرحلے میں ہے، اور خطے میں استحکام کے لیے تمام فریقین کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین امریکہ اور ایران کے درمیان جاری سفارتی عمل میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، اور امید ہے کہ تمام فریقین جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کریں گے۔

بیان میں زور دیا گیا کہ عالمی تجارت اور بحری راستوں کی حفاظت کے لیے کشیدگی میں کمی ناگزیر ہے۔