جنگ کے دوران تہران کے 83 آثار قدیمہ کو نقصان پہنچا۔ ایران
بہت سی عمارتیں فوجی، سکیورٹی اور انتظامی تنصیبات کے قریب واقع ہیں
تہران سٹی کونسل کی ثقافتی ورثہ کمیٹی کے سربراہ احمد علوی نے کہا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے دوران صوبہ تہران میں 83 تاریخی مقامات اور عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جن میں 36 مقامات قومی ورثے کی فہرست میں شامل ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے تہران سٹی کونسل کی ثقافتی ورثہ کمیٹی کا حوالے دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ ان میں سے وہ عمارتیں جن کی بحالی کی جا سکتی ہے، وہاں کام شروع کر دیا گیا ہے۔
احمد علوی نے واضح کیا کہ متاثرہ مقامات میں سے 36 عمارتیں قومی نوادرات کی فہرست میں درج ہیں اور 45 تاریخی عمارتیں ہیں جب کہ چھ مقامات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ان میں سے بہت سی عمارتیں فوجی، سکیورٹی اور انتظامی تنصیبات کے قریب واقع ہیں یاد رہے کہ ایرانی وزارت ثقافتی ورثہ کے مطابق تقریباً 39,000 آثار قدیمہ ملک کے قومی ورثے کی فہرست میں شامل ہیں۔