امریکہ کی برطانیہ کو بھاری ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی

ہم امریکی کمپنیوں کو نشانہ بنائے جانے کو پسند نہیں کرتے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ

               
April 24, 2026 · بام دنیا

امریکی صدر ڈونلڈٹر مپ نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے ڈیجیٹل سروسز ٹیکس ختم نہ کیا تو امریکہ برطانوی مصنوعات پر بھاری ٹیرف عائد کرسکتا ہے۔

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ ٹیکس امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے، جن میں گوگل، ایپل اور میٹا شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق برطانیہ کا ڈیجیٹل سروسز ٹیکس بڑے سرچ انجنز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور آن لائن مارکیٹ پلیسز کی آمدنی پر 2 فیصد ٹیکس عائد کرتا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ہم امریکی کمپنیوں کو نشانہ بنائے جانے کو پسند نہیں کرتےاور خبردار کیا کہ اگر ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو امریکہ برطانیہ پر بڑے پیمانے پر تجارتی محصولات نافذ کر سکتا ہے۔

دوسری جانب برطانیہ کا مؤقف ہے کہ یہ ٹیکس اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک عالمی سطح پر ٹیکس سے متعلق کوئی متفقہ نظام نہیں بن جاتا، اور اس کا مقصد ڈیجیٹل کمپنیوں کو ان ممالک میں ٹیکس ادا کرنے کا پابند بنانا ہے جہاں وہ آمدنی حاصل کرتی ہیں۔